انسانی تاریخ سید الشہداء حضرت امام حسینؓ اہلِ بیت اور رفقاء کی جانب سے دی گئی عظیم الشان قربانی 
مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ سید مصطفی کمال
واقعہ کربلا صبر واستقامت اور حق کیلئے جدوجہد کا سبق دیا آج ملک کو اتحاد اور بھائی چارے کی ضرورت ہے۔ سید مصطفی کمال
اہمیں اپنے اندر صبر و ضبط برقرار رکھتے ہوئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ سید مصطفی کمال

کراچی (پ ر) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے عاشورہ محرم کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ دسویں محرم کا دن جہاں تمام مسلمانوں کیلئے سوگوار دن ہے وہاں یہ ان کیلئے باعث فخر بھی ہے کہ پوری انسانی تاریخ سید الشہداء حضرت امام حسینؓ اہلِ بیت اور رفقاء کی جانب سے دی گئی عظیم الشان قربانی کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے جنہوں نے دین اسلام کی عظمت اور حق کی سربلندی کے خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی قائم کی ہوئی مثال سے نہ صرف سبق حاصل کریں بلکہ اس پیغام کو سمجھ کر اس پر صدق دل سے عمل کرنے کی کوشش بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سب مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اور اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھیں گے۔ دریں اثناء چیئرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال نے 10محرم یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میدان کربلا میں نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ نے اپنے جان نثار ساتھیوں اور اہل بیت کے ہمراہ باطل کے خلاف داد شجاعت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کرکے تا قیامت دین اسلام کو زندہ و جاوید کردیا۔ سید مصطفی کمال نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعہ کربلا ہمیشہ کیلئے حق و باطل کے درمیان فرق کا ایک استعارہ بن گیا۔ جس سے ہمیں طاغوتی قوتوں کے خلاف کلمہ حق کیلئے تاقیامت رہنمائی ملتی رہے گی۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ ماہ محرم الحرام تمام عالم اسلام کیلئے ایک مقدس مہینہ ہے اس دوران ہمیں اپنے اندر صبر و ضبط برقرار رکھتے ہوئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔