عالمی منڈی میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی کے مترادف ہے۔ سید مصطفیٰ کمال
دنیا بھر میں کئی ممالک دہائیوں پہلے پیٹرول کا متبادل ڈھونڈ کر پیٹرول پر انحصار کم کرچکے ہیں۔ چیئرمین پاک سر زمین پارٹی
پیٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں کے اضافے سے متعدد غریب گھرانوں میں دو وقت کا کھانا میسر ہونا بھی مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
پاک سر زمین پارٹی کا پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

(پ ر) حکومت کی جانب سے عالمی منڈی میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے جا اضافے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں کے اضافے سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی ہوش ربا اضافہ ہوتا ہے جس سے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے متعدد گھرانوں میں دو وقت کا کھانا میسر ہونا بھی مزید مشکل ہو جاتا ہے اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں جو موجودہ ملکی معاشی صورتحال میں انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے اور اپنی نا اہلی کا بوجھ عوام کے اوپر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کئی ممالک دہائیوں پہلے پیٹرول کا متبادل ڈھونڈ کر پیٹرول پر انحصار کم کرچکے ہیں۔ پٹرول کی قیمتوں میں بے جا اضافہ حکومت کی انتظامی امور پر کم ہوتی گرفت کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے۔